اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے سردار ایاز صادق کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان واحد رکن قومی اسمبلی ہیں جن کے خلاف ایاز صادق نے متنازعہ زبان استعمال کی۔ ایاز صادق نے جس طرح ایوان کے ایک رکن پر حملہ کیا اس پر انہیں منصب سے فوری الگ کیا جانا چاہیے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ذاتی بغض و عداوت کے باعث عمران خان پر زبانی حملے سے ایاز صادق اپنی غیر جانبداریت کھو چکے ہیں، بطور سپیکر ایاز صادق کی کارکردگی بھی انتہائی مایوس کن رہی۔ وزیراعظم اور وفاقی وزراء کا اسمبلی میں نہ آنا ایاز صادق پر حکومت عدم اعتماد کا کھلا اظہار ہے۔ ایاز صادق جملہ بازی میں جوہر دکھانے کی بجائے اسمبلی میں وزراء کی حاضری کا بندوبست کریں۔