شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہی پیپلزپارٹی کیلئے نقصان کا باعث ہیں: ناہید خان

Feb 29, 2016

لاہور (این این آئی) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہی پیپلزپارٹی کیلئے نقصان کا باعث بن رہے ہیں، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے جاری مبینہ بیان سے ’’ دونوں طرف سے فائدہ ‘‘لینے کی کوشش کی گئی ہے، پاک آرمی ایک معتبر ادارہ ہے اسے اور اسکے سربراہ کو متنازعہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔ ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ناہید خان نے کہا آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سے آصف علی زرداری سے منسوب بیان کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی اس لئے میں اس پر کوئی بات نہیں کروں گی لیکن اس طرح کے بیان ویسے ہی منظر عام پر نہیں آجاتے ۔ اس بیان سے اِدھر سے نہیں تو اُدھر سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی ۔ جنرل راحیل شریف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جس طرح پاک فوج کی کمان کرتے ہوئے اس ادارے کے وقار میں اضافہ کیا ہے اسے پوری قوم نے سراہا ہے ۔ایسے حالات میں پاک فوج کے ادارے اورسربراہ کو متنازعہ نہیںبنایا جانا چاہئے ۔ انہوںنے نیب کی کارروائیوں کے حوالے سے کہا کہ پورے ملک میں بلا تفریق احتساب ہونا چاہئے۔ پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔

مزیدخبریں