لاہور (خبرنگار+ نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے تحفظ حقوق نسواں کے منظور شدہ بل کے مخالفین کی تنقید مسترد کرتے ہوئے اسے خواتین کی ترقی کا بل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ملکی ترقی کے لئے خواتین کا کردار ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت خواتین کی ترقی کیلئے قائداعظم کے ویژن کے مطابق کام کر رہی ہے، دریں اثناء ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ اڑھائی برس میں پنجاب کی چار کروڑ دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس ہدف کے حصول کے لئے متعلقہ اداروںکو باہمی کوآرڈینیشن کے تحت کام کرنا ہے۔ پینے کے صاف پانی کے منصوبہ کے بعض امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اہم منصوبے کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ رکن قومی اسمبلی سید افتخار الحسن سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ بصیرت اور اجتماعی کاوشوں سے درست سمت بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکالیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شوال میں شہید ہونے والے کیپٹن عمیر سمیت 4 فوجی جوانوں کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی خاطر قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا پوری قوم کے ہیرو ہیں اور 18 کروڑ عوام کو شہداء کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔ ملک میں امن کی خاطر قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شادباغ سے اغوا کے بعد بادامی باغ میں 9سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزموں کی جلدازجلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب صدر رانا ضیاء عبدالرحمن، سیکرٹری انس غازی، نائب صدر طاہر شہباز اور فنانس سیکرٹری اسد بخاری کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ وکلاء برادری نے نو منتخب قیادت پرجس اعتمادکا اظہارکیا ہے وہ اس پر پورا اترے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کمیاب امراض کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ غیرمعمولی اور کمیاب امراض سے نہ صرف مریض بلکہ ا س کے اہل خانہ بھی مسائل کا شکار ہوتے ہیں کیونکہ بعض کمیاب امراض کا علاج انتہائی مہنگا ہے جس کی عام آدمی استطاعت نہیں رکھتا جس کے باعث مسائل میں اضافہ ہوتا ہے اور امراض کی پیچیدگیاں بڑھ جاتی ہیں لہٰذا ان امراض کے علاج معالجے اور حفاظتی تدابیر کا شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف بغیر کسی پروٹوکول علامہ اقبال ٹائون میں ناکہ پر فائرنگ کے باعث شہید ہونے والے اچھرہ کے رہائشی پولیس کانسٹیبل محمد آصف اور سمن آباد میں قتل ہونے والے 2 بھائیوں بہادر علی اور صفدر علی کی رہائش گاہوں پر گئے اور سوگوار خاندانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل محمد آصف کی بیوہ اور مقتول بھائیوں کی والدہ کو مفت گھر دینے بچوں کی مکمل کفالت کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اچھرہ کے بھٹی پارک میں شہید کانسٹیبل محمد آصف کی رہائش گاہ پہنچے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کے بعد شہید کانسٹیبل محمد آصف کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ بیوہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے مفت گھر دینے کا اعلان کیا، شہید کانسٹیبل کی بیوہ کو 50 لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کے بچوں کی کفالت پنجاب حکومت کرے گی بچوں کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل محمد آصف کی عظیم قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین کیا اور کہا کہ محمد آصف نے عظیم مقصد کیلئے قربانی دی ۔ وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل کے بچوں کو گود میں اٹھا کر پیار کیا اور شہید کانسٹیبل کی والدہ اور بیوہ کو دلاسہ دیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سمن آباد میں کچھ عرصہ قبل فائرنگ کے واقعہ میں قتل ہونے والے دو بھائیوں صفدر علی اور بہادر علی کی رہائش گاہ گئے۔ وزیراعلیٰ نے مقتول بھائیوں کی والدہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں نامزد چاروں ملزم گرفتار ہو چکے ہیں۔ میرا وعدہ ہے ہر صورت انصاف دلائوں گا۔ میں آپ کے لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے مقتول بھائیوں کی والدہ کیلئے آشیانہ میں مفت گھر دینے کا اعلان کیا اور انہیں 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک بھی دیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پنجاب حکومت مقتولین کے بہن بھائیوں کے تمام تعلیمی اخراجات خود برداشت کرے گی اور ان کی کفالت بھی کی جائے گی۔
شہباز شریف بغیر پروٹوکول اچھرہ میں شہید کا نسٹیبل سمن آباد میں قتل ہونے والے 2 بھائیوں کے گھر جا پہنچے
Feb 29, 2016