اسلام آباد+ پشاور+ مری (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ+ نامہ نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہر حد تک جائیگی، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جائیگا۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شوال میں شہید ہونیوالے کیپٹن عمیر عباسی اور 3 جوانوں کی نماز جنازہ اتوار کو پشاور میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف، کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمن، سول و عسکر ی قیادت سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے کیپٹن عمیر عباسی کے جسد خاکی کو کندھا بھی دیا۔ آرمی چیف نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا اور ان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ پشاور کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے شوال میں زخمی ہونے والے جوانوں سمیت دو روز قبل دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے افغان فوجی عالم زیب کی بھی عیادت کی۔ آرمی چیف نے شوال میں شہید ہونیوالے جوانوں کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے جوانوں نے دہشت گردوں کو شوال سے فرار نہیں ہونے دیا۔ جوانوں نے اپنی جان کی قربانی دیکر دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا ہر جوان دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے اور ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ دہشت گردوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے تباہ کریں گے اور دہشت گردوںکو چھپنے کا ٹھکانہ نہیں ملے گا۔ دریں اثناء کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن کی جانب سے آرمی چیف کو شوال میں جاری آپریشن پر بریفنگ دی اور انہیں بتایا گیا کہ شوال کا علاقہ پاک افغان سرحد کے قریب ہے۔ دہشت گرد سرحد عبور کر کے پاکستان کی حدود میں داخل ہوتے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے گزشتہ روز دہشت گردوں کو بھاگنے نہیں دیا اور مار ڈالا۔ آرمی چیف نے شوال دتہ خیل میں جاری آپریشن میں جوانوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ر وز پاک افغان سرحد کے قریب شوال میں پاک فوج کے کیپٹن عمیر، حوالدار حاکم، سپاہی حمید اور راشد نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ سابق صدر آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں نے جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آصف زرداری نے کہا کہ فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کیپٹن عمیر کو ان کے آبائی علاقے مری مٹھیاں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ دوسرے جوانوں کو بھی آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا۔ مری سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق کیپٹن عمیر عباسی کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاوں ترموٹھیاں جو مری سے ملحقہ صوبہ خیبرپی کے اور پنجاب کے عین سنگم پر واقع ہے بھر پور فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی شاہدخاقان عباسی نے جبکہ وزیراعلیٰ کی جانب سے صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کی قبر پر ان کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر میجر جنرل کلیم اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام نے بھی شہید کی قبر پر چادریں چڑھائیں۔ کور کمانڈر پشاور کی جانب سے خصوصی طور پر شہید کی قبر پر چادر چڑھائی گئی۔
دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے :جنرل راحیل
Feb 29, 2016