پاکستان کا فاتحانہ آغاز

Feb 29, 2020

ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ
پاکستان کا فاتحانہ آغاز
ویسٹ انڈیز کو پہلے میچ میں شکست سے دوچار کیا

سپورٹس رپورٹر
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ ورلڈ کے ساتویں ایڈیشن کے مقابلے آسٹریلیا میں جاری ہیں۔ 21 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں شریک دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں میزبان آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں پاکستان، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ گروپ اے میں بھارتی ٹیم نے اپنے ابتدائی تین میچز جیت کر گروپ میں نمبر ون کی پوزیشن چھ پوائنٹس کے ساتھ حاصل کر رکھی ہے۔ میزبان آسٹریلیا تین میچز میں سے دو جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم نے دو میچز کھیلے ہیں جن میں سے ایک میچ میں انہیں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو اپنے ابتدائی دو دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اور بلترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ گروپ بی میں تادم تحریر جنوبی افریقہ ویمن ٹیم اپنے دو میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون کی پوزیشن پر براجمان تھی جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جانا تھا۔ انگلینڈ ٹیم اپنے ابتدائی دو میچز کھیل کر دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا جس میں پاکستان ٹیم نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کر رکھی تھی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم نے دو میچز کھیلے تھے جن میں سے اسے ایک میچ میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی، ویسٹ انڈیز ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ تھائی لینڈ ٹیم اپنے تینوں میچوں میں شکست کھا کر پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020ء کے افتتاحی میچ میں کارکردگی انہیں شاندار رہی، باولنگ، بیٹنگ کے شعبہ میں حریف ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔ ویسٹ انڈیز ٹیم نے 2016ء میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کا ٹائٹل جیت رکھا ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا گئی ہے۔ امید ہے کہ اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ بسمہ معروف پاکستان ٹیم کی قیادت کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ ان کے ساتھ ندا ڈار، جویریہ خان، سدرا نواز انٹرنیشنل کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں کپتان بسمہ معروف، جویریہ خان، منیبہ علی اور ندا ڈار نے شاندار کھیل پیش کیا۔ انگلینڈ کے خلاف جو میچ تادم تحریر شروع ہونا تھا اس میچ میں پاکستان کی ندا ڈار نے اپنے ایک سو انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میچز بھی مکمل کر لیے۔ ندا ڈار کو یہ اعزاز عالمی کپ کے دوران انگلینڈ کے خلاف کینبرا میں شیڈول میچ میں حاصل ہوگا۔ تینتیس سالہ تجربہ کار کھلاڑی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والی تیسری کرکٹر ہیں۔ انہوں نے تاحال پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ اپنے ٹی ٹونٹی کیرئر میں 17.76 کی اوسط سے 94 وکٹیں اور 95.83 کے سٹرائیک ریٹ سے 1104 رنز بنا رکھے ہیں۔ ندا ڈار کے علاوہ کپتان بسمہ معروف اور ثناء میر کو پاکستان کی جانب سے100 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بسمہ معروف تاحال 107 اور ثناء میر 106 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔

مزیدخبریں