سینیٹ میں اپوزیشن چھائی رہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اپنے خطابت کے جوہر دکھاتے رہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی بھی حکومت پر طنز کے تیر چلاتے رہے۔ مشاہد اللہ خان نے حکومت کو فردوس عاشق اعوان کے اپنی منجی تھلے وی ڈنڈا پھیرو کا مشور ہ یاد دلایا اور کہا ہے کہ’’ حکومت اپنی منجی تھلے وی ڈنڈا پھیرے،، اگر حکومت کے پاس ڈنڈا نہیں ہے تو ہم دے دیتے ہیں، حکومت اچھی طرح جانتی ہے کہ کن لوگوں نے عوام کو لوٹا ہے، لیکن انہیں پکڑنے کو تیار نہیں، ہمیں 5 سال وزیر خارجہ نہ ہونے کا طعنہ دینے والوں کی حکومت میں صحت، خزانہ، موسمیاتی تبدیلی، اوورسیز پاکستانیز اور اطلاعات کا کوئی وزیر ہی نہیں۔ انہوں نے ڈیرن سیمی بارے میں وزیر اعظم عمران خان کے ریمارکس یاد دلائے اور کہا وہی ڈیرن سیمی کو پاکستان کی شہریت کا اعزاز دے رہی ہے لیکن ماضی میں عمران خان اسے پھٹیچر اور ریلو کٹا کہہ چکے،کیا آج کابینہ میں بیٹھے ہیں وہ پھٹیچر ریلو کٹے ہیں۔ ایوان میں چین میں پھنسے پاکستانیوں کی بازگشت سنی گئی۔ مشاہد اللہ نے کہا کرونا وائرس سے لوگ بہت پریشان ہیں، اسی طرح چین میں پھنسے پاکستانی بھی بہت پریشان ہیں۔