لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج 29فروری کو ہوں گے۔ بائیومیٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کیلئے انتظاما مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انتخابات کیلئے 7پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے۔ پولنگ بوتھ نمبر1ڈاکٹرجاوید اقبال آڈیٹوریم میں قائم کیاجائے گا۔ پولنگ بوتھ نمبر1میں 1سے 7ہزار تک وکلا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ سٹڈی روم میں قائم پولنگ بوتھ خواتین وکلاء کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ کیانی،کراچی شہدا ہال، جناح لاؤنج، کورٹ روم میں پولنگ بوتھ بنے گا۔ کورٹ روم جسٹس سید شہباز علی رضوی کی عدالت میں پولنگ بوتھ بنیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے 4عہدوں کیلئے 16امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ لاہور ہائیکورٹ بارکی صدارت کیلئے 3 ،نائب صدر کیلئے4امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ جبکہ سیکرٹری کی نشست پر3 اور فنانس سکرٹری کی نشست پر6امیدوار میدان میں ہیں۔صدارتی امیدواروں میں انڈیپنڈنٹ گروپ کے طاہر نصراللہ وڑائچ، پروفیشنل گروپ کے مقصود بٹر اور چودھری ولایت میں مقابلہ ہوگا۔ پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ،لاہور ہائی کورٹ بار اور لاہور بار میں برسر اقتدار ہونے کے باعث انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار طاہر نصراللہ وڑائچ کی پوزیشن قدرے بہتر دکھائی دے رہی ہے تاہم پروفیشنل گروپ کے امیدوار مقصود بٹر بڑے اپ سیٹ کا دعوی کر رہے ہیں۔ جبکہ چوہدری ولایت کا کہنا ہے کہ وہ میدان مار لیں گے۔ نائب صدرکی نشست پر بیرسٹر سعید حسن ناگرہ، مدثر عباس مگھیانہ، محمد ایوب خان اور توصیف خالد کھٹانہ مد مقابل ہیں۔ سیکرٹری بار کے3 امیدواروں میں دانیال اعجاز، ہارون دوگل اور اختر پڈا شامل ہیں۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر فیصل توقیر سیال،مہر ارشد نول،محمد احمد مجید، وسیم یوسف اور ذیشان سلہری میں مقابلہ ہوگا۔الیکشن کے لئے 19665 وکلاء ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے اہل قرار ہیں۔29فروری کو پولنگ کا وقت صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخابات میں نتائج جلدی آنے کی توقع ہے۔
لاہور ہائی کورٹ بار کے انتخابات آج ہونگے‘ انتظامات مکمل
Feb 29, 2020