اسلام آباد (این این آئی)نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاہے کہ کشمیر کے حوالے سے حالیہ بھارتی پالیسی بھارت میں ہندوتوا انتہا پسند نظرئیے کے فروغ کی مظہر ہے،خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام پر مسئلہ کشمیر کے براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جمعہ کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کے زیر اہتمام کشمیر ایشو بھارتی آئین کاآرٹیکل 35A اور 370 کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیاگیا ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اورسابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سیمینار کا مقصدکشمیر میں بھارتی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا اور پاکستان کے آئندہ لائحہ عمل کے لئے سفارشات مرتب کرنا تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سیمینار کے نمایاں سپیکرز میں جنرل زبیر حیات،مشاہد حسین سید، سابق سفیر عبدالباسط،سلطان ایم حالی اورڈاکٹر رابعہ اختر شامل تھے۔ ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف نے سیمینار کے انعقاد پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کی کاوشوں کو سراہا۔نیول چیف نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے حالیہ بھارتی پالیسی بھارت میں ہندوتوا انتہا پسند نظرئیے کے فروغ کی مظہر ہے۔خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام پر مسئلہ کشمیر کے براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ حق خود ارادیت مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے،مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان کو از سر نو پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔