وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی پاکستان کے نمائندے کے طورپرآج دوحہ میں امریکہ اورافغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کی دستخطوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سمیت پچاس ممالک کے نمائندے معاہدے پردستخطوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ادھرقطر میں مقیم پاکستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شا ہ محمودقریشی نے کہاہے کہ امریکہ اورافغان طالبان کے درمیان امن معاہدے سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن سے وسطی ایشیا کے ساتھ ہمارے روابط بڑھیں گے۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ امن واستحکام سے پاکستان اورافغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے شاندارمواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن سے پاکستان کوکاسا1000منصوبے سے استفادہ کرنے اورملک میں توانائی کے بحران پرقابوپانے میں مدد ملے گی۔