لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دہلی میں مسلم کش فسادات کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دہلی میں مسلمانوں کے گھروں اور مساجد پر حملوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو غنڈوں نے ریاستی دہشت گردی کی آڑ میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی ہے۔ نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں مودی سرکار بدترین آمریت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور آر ایس ایس کے غنڈوں کو مودی سرکار کی پشت پناہی حاصل ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ دہلی جل رہا ہے اور مودی چین کی بانسری بجا رہا ہے۔ مودی سرکار ذہن نشین کر لے کہ تشدد اور جبر کے ذریعے حق کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت کوئی اقلیت محفوظ نہیں۔ عالمی برادری نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ عالمی برادری کو خاموشی توڑ کر عملی اقدامات کرکے مودی سرکار کے خون آلود ہاتھوں کو روکنا ہوگا۔ سردار عثمان بزدارنے حفاظتی ماسک کی قلت اور قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حفاظتی ماسک کی دستیابی مقررقیمت پر یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حفاظتی ماسک کی قلت دور کرنے کے ساتھ مقرر قیمت پر عوام کو فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ عثمان بزدار نے جناح ہسپتال میں واش روم میں بچے کی پیدائش کے واقعہ کا نوٹس ہوئے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔