پشاور(صباح نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس زیادہ پھیل گیا تو حج بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں طبی کانفرنس میں ماسک اور صابن ہاتھ میں لیے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے کافی مسائل ہیں جن میں ہیپاٹائٹس سب سے سنگین ہے۔ صدر نے کہا کہ ملک کی 9 فیصد آبادی ہیپاٹائٹس کا شکار ہے اور اس بیماری کو ختم کرنے کے لئے 3 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ صحت کے شعبہ میں غیر سرکاری تنظیموں کا کردار قابل تعریف ہے۔کورونا وائرس کے بارے میں صدر علوی نے کہا کہ 51 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے اور پاکستان میں بھی پھیلنے کا امکان ہے، لہذا عوام احتیاطی اختیار استعمال کریں۔ عارف علوی نے کہا کہ وائرس زیادہ پھیل گیا تو حج بھی متاثر ہوسکتا ہے، اگر منہ پر پہننے والے ماسک مہنگے ہوگئے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں، آپ خود بھی بناسکتے ہیں، ٹشو سے ماسک بنانے کی ویڈیو ٹوئٹر پر ڈالی ہے، بہادر قومیں مشکلات کا مقابلہ کرتی ہیں۔ صفائی یقینی بنانے سے ہی امراض کی روک تھام میں مدد ملے گی، ہاتھ دھونے کے لیے صابن کا استعمال کیا جائے۔ دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دورہ پشاور کے دوران چارسدہ روڈ پر واقع یوٹیلٹی سٹور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہاں کمشنر پشاور ڈویژن امجد علی اور ڈپٹی کمشنر محمد علی اصغر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوٹیلیٹی سٹور کے منیجر سے آٹے، چینی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں سے متعلق استفسار کیا۔انہوں نے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خورد و نوش کی دستیابی سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔ صدر علوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وفاقی حکومت یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے ریلیف فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یوٹیلٹی سٹورز کی انتظامیہ حکومت کے ریلیف اقدامات کے سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔