پشاور+ کوئٹہ+اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) خیبرپی کے اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا۔ سپیکر مشتاق احمد غنی نے 115 نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ اجلاس سے قبل شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی۔ گنجائش سے زیادہ افراد اسمبلی کی گیلری میں پہنچے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن ثوبیہ شاہد نے ایوان میں کھڑے ہوکر ہاتھ میں پہنی گھڑی دکھائی تو اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی کے کارکنان نے ان پر جوتے‘ بوتل، بال پین اور لوٹا پھینکا تاہم ثوبیہ شاہد مسلسل گھڑی دکھاتی رہی۔ اس دوران اسمبلی میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے شدید نعرے بازی کی جبکہ سپیکر شرکاء کو خاموش کراتے رہے۔ نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور عمران خان کی تصویر ساتھ لے کر آئے۔ صوبائی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس بدھ کی صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا جو تقریباً پونے ایک بجے شروع ہوا۔ سپیکر خیبر پی کے اسمبلی مشتاق غنی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پہلے مرحومین اور شہداء کے لئے دعا کرائی گئی جس کے بعد مشتاق غنی نے 115 نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ حلف لینے والے ارکان میں سنی اتحاد کونسل کے 87، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9، (ن) لیگ کے 8، پیپلز پارٹی کے 5، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے 2 اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔ تقریب حلف برداری کے بعد سپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ شام 5 بجے تک سپیکر اور ڈپٹی سپیکر الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں اور رات 12 بجے تک کاغذات واپس لئے جاسکتے ہیں، آج جمعرات کی صبح 10 بجے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ ہوگی۔ دوسری جانب انتظامیہ نے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے ایک ہزار سے زائد پاسز ایشو کر رکھے تھے اور اسمبلی میں لوگوں کی گنجائش اس سے کم تھی جس کے باعث اجلاس سے قبل ہی اسمبلی میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ اسمبلی کے اجلاس کو دیکھنے کے خواہشمند افراد دھکم پیل کرتے ہوئے اسمبلی ہال میں گھس گئے اور متعدد ایسے افراد بھی اسمبلی ہال میں داخل ہوئے جن کے پاس پاسز موجود نہیں تھے۔ پاکستان تحریک انصاف نے عاقب اللہ کو سپیکر خیبرپی کے اسمبلی کیلئے نامزدگی سے ہٹاتے ہوئے بابر سلیم سواتی کو سپیکر کیلئے نامزد کرنے کا اعلان کردیا جبکہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پارٹی کے سیاسی امور سے متعلق فیصلے کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ لیگی خاتون ایم پی اے پر اسمبلی ہال میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ خاتون رکن ثوبیہ شاہد کا استحقاق مجروح ہوا۔ سپیکر کو منتخب رکن پر حملے کا نوٹس لینا ہوگا ورنہ اسمبلی نہیں چلنے دیں گے۔ بلوچستان کی بارہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر جان محمد جمالی علالت کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے اس لئے گورنر بلوچستان کی جانب سے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی کو پریزائیڈنگ نامزد کیا گیا۔ بلوچستان اسمبلی کے 57 نومنتخب اراکین نے رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ رکن بلوچستان اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے ارکان سے حلف لیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے سپیکر‘ ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج جمعرات کو سہ پہر 3 بجے ہوگا۔پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے غزالہ گولا بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کیلئے امیدوار نامزد کر دی گئی ہیں۔