لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپوزیشن سے جذبہ خیر سگالی کے تحت اقدام، پنجاب اسمبلی کے ایوان کے اندر اپنی نشست سے اٹھ کر اپوزیشن بنچز پر گئیں اور رانا آفتاب سے ملاقات کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ انتخاب کے دن آپ سے میری ملاقات نہ ہو سکی۔ آپ سب کے لئے میرے دروازے کھلے ہیں۔ جتنی حکومتی ارکان کی وزیراعلیٰ ہوں‘ اتنی ہی آپ کی بھی ہوں۔ رانا آفتاب احمد خان نے آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ رانا آفتاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کوئی جگہ بتا دی جاتی تو ہم آ جاتے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر محمد احمد خان کی زیر صدارت 3گھنٹے 15منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن رہنما رانا آفتاب اپنے بازو پر سیاہ رنگ کی پٹی باندھ کر آئے۔ مریم نواز نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا میرا فرض ہے، اپنا فرض ادا کروں گی۔ عوامی خدمت کر کے مخالفین کو غلط ثابت کروں گی۔ مخالفین کو سمجھ نہیں آ رہی ہم کیا کرنے جا رہے ہیں۔ میرا کام پنجاب کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے شور شرابے میں حکومت پنجاب کیلئے ایک ماہ کے لئے358 ارب روپے کے اخراجات کی منظوری دیدی۔ اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران بجٹ کی تحریک منظور ہوگئی۔ اپوزیشن نے دستاویزات پھاڑ کر ایوان میں لہرا دیں۔ یکم مارچ سے 31مارچ تک اخراجات جاریہ کی منظوری کیلئے مریم اورنگزیب نے تحریک ایوان میں پیش کی۔ تحریک پیش ہوتے ہی اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان نے نقطہ اعتراض اٹھا دیا۔ پہلے بتایا جائے یہ بجٹ کس مد میں خرچ ہونا چاہیے۔ مریم اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ ڈے ٹو ڈی افئیرز، عدالتی و حکومتی معاملات کیلئے اخراجات ناگزیر ہیں۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان نوک جھوک کے بعد سپیکر نے تحریک منظوری کیلئے ایوان میں پیش کی جس پر اپوزیشن نے شور شرابا برپا کردیا اور بجٹ تحریک کی دستاویز پھاڑ کر ہوا میں لہرا دیں۔ شور شرابے کے دوران اخراجات جاریہ کا بجٹ منظور کر لیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں دو خواتین ارکان اسمبلی کی جانب سے الگ الگ دو قراردادیں ایوان میں جمع کرا دی گئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کروائی گئی ایک قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ خواتین کیلئے ’’پنک بائیک پروگرام‘‘ دوبارہ شروع کیا جائے۔ مسلم لیگی رکن کنول لیاقت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان بہادر بیٹی مریم نواز کو پہلی خاتون وزیر اعلی کا حلف لینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ محترمہ کی سیاسی جدوجہد اور جمہوریت کے لئے دی گئی قربانیاں بے مثال ہیں۔
وزیراعلیٰ خیر سگالی کا پیغام لے کر اپوزیشن رہنما کی نشست پر پہنچ گئیں
Feb 29, 2024