لاہور(خصوصی نامہ نگار ) جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ دفاع ختم نبوت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر قوانین ختم نبوت اور قوانین ناموس رسالت کی حفاظت کریں گے۔ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی روح اور بنیا دہے،عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھے بغیر کوئی آدمی مسلمان نہیں ہو سکتا۔قایانیت چند شکوک وشبہات کا نام ہے۔ دلائل کی دنیا میں قادیانیوں کے پاس کوئی صحیح دلیل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لیہ میں منعقدہ ’’ختم نبوت‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عقیدہ ختم نبوت پر دین اسلام کی عظیم الشان عمارت استوار ہے۔ اسلام کا قلب و جگر وجان اور مرکز کا یہی عقیدہ ہے۔ اس عقیدہ میں معمولی سی لچک یا نرمی انسان کو بلندی سے اٹھا کر کفر کی پستی میں پھینک دیتی ہے۔ قادیا نی پاکستان کے آئین میں متفقہ طور پر غیر مسلم اقلیت ہیں وہ اپنے آپ کو غیر مسلم اقلیت تسلیم نہ کرکے مسلسل آئین پاکستان سے غداری کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون ساز ادارے قادیانیوں کے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کیخلاف قانونی کارروائی کریں۔