وقف املاک کی حفاظت اوّلین ترجیح،اراضیات کو محفوظ بنادیا:طاہر رضا بخاری  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وقف املاک کی حفاظت اوّلین ترجیح،جامع حکمت سے اراضیات کو محفوظ بنادیا۔ ناجائز قابضین سے رعایت نہیں،محصولاتِ زَر میں کمی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران و اہلکاران منصبی ذمہ داریوں پر توجہ دیں۔ مالی وسائل میں اضافے کے بغیر تعمیر و ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ مقامی اشتراک عمل ہی سے سوشل و اکنامک ڈویلپمنٹ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے دورہ شیخو پورہ کے دوران وقف پراپرٹیز دربار حضرت نہال شاہ ؒ اور دربار حضرت میاں شیر محمد قپوریؒ و دیگر وقف املاک اور انتظامی معاملات کو چیک کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا وقف املاک مقدس امانت ہے، کوتاہی کے ذمہ داران کیفرِ کردار تک پہنچیں گے۔ اوقاف ایڈ منسٹریٹرز و منیجررز اپنے زون اور سرکل میں مالی ضابطہ بندی اور قواعد پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ہر ماہ ایک، ایک سرکل کا وزٹ کر کے تمام ریکارڈ کی پڑتال کریں۔ وقف املاک کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنایا جارہا۔جس کیلئے جملہ وسائل بروئے کار ہیں۔ مساجد اور دربار سوسائٹی کا مرکزی نقطہ اور انسانی فلاح کے بنیادی ادارے ہیں جن کا فیضان مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے صوفیاء کے افکار و تعلیمات سے روشنی حاصل کی جانی چاہیے۔ انہوں نے شیخوپورہ سرکل میں وقف املاک کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامی معاملات، ڈویلپمنٹ ورکس اورمزارات و مساجد میں تعینات عملہ کی حاضری کو چیک کیا۔

ای پیپر دی نیشن