لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر تعمیر سنٹر فار پبلک سیفٹی لوئر مال کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے آئی جی پنجاب کو تعمیراتی کاموں بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ سنٹر فار پبلک سیفٹی میں شہریوں کو پولیسنگ خدمات کی فراہمی کیلئے جدید وسائل اور سہولیات دستیاب ہونگی۔ پولیس دفاتر میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا مقصد شہریوں کیلئے سروس ڈلیوری کو مزید آسان اور تیز تر بنانا ہے، پولیس دفاتر میں جاری ترقیاتی کاموں کو افسران ذاتی نگرانی میں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مریدکے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او شیخوپورہ کو ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔