لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ9کی فرنچائز ملتان سلطانز کے سپنر اسامہ میر بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے نقشِ قدم پر، ٹورنامنٹ کے 14ویں میچ میں اپنی شاندار پرفارمنس کا سہرا اپنی والدہ کے سر سجا دیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اسامہ میر نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے 4اوورز کے کوٹے میں 40رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا۔انہوںنے کہا کہ شروع میں تھوڑا نروس تھا لیکن امی کی طرف دیکھا تو حوصلہ ملا کہ دعائیں تو ساتھ ہیں۔ میری والدہ پہلی بار مجھے لائیو کھیلتے ہوئے دیکھنے آئی تھیں، وہ مجھے گرائونڈ میں سجدہ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی تھیں۔ یہ ان کی دعائیں ہی تھیں کہ میں نے 6وکٹیں لے لیں اور ان کی خواہش پوری ہوگئی۔ اپنی حالیہ پرفارمنس سے پریشان تھا، پرانی ویڈیوز دیکھ کر اپنی غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔ میں کچھ تبدیلیاں کرنا چاہ رہا تھا اس لیے کارکردگی میں تسلسل نہیں آرہا تھا۔ فیصل اکرم میں بہت مہارت ہے وہ مثبت انداز میں چیزوں کو لیتا ہے ڈیبیو غیر معمولی رہا ہے وہ جلد پاکستان کیلئے کھیلتا ہوا دکھائی دیگا۔
گراؤنڈ میں سجدہ، ماں کی خواہش پوری، غلطیاں دور کیں: اسامہ میر
Feb 29, 2024