بڑا مینڈیٹ ملا، عوا م کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے: مراد علی شاہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نئے منتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  بدھ کی صبح 7بج کر 45منٹ پر کراچی میں وزیرِ اعلی ہائوس پہنچ گئے۔ مراد علی شاہ کو وزیرِ اعلی ہائوس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے فرائض منصبی کا آغاز کر دیا۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم اور آئی جی سندھ رفعت مختار سے الگ الگ ملاقات بھی کی ہے۔ مراد علی شاہ نے حضرت شہباز قلندرؒ کے مزار پر حاضری دی۔ عرس انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعدازاں فنانس اور پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا پینے کے صاف پانی کا ٹاسک ملا ہے اسے حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ سندھ میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔ لوگوں نے اتنا بڑا مینڈیٹ دیا ہے ہماری ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے۔ آج پہلی میٹنگ بارشوں کے حوالے سے ہے‘ تمام متعلقہ اداروں کا اجلاس بلا لیا ہے۔ کوشش کریں گے کہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اتریں۔ پیپلز پارٹی نے 2024ء کے الیکشن میں سب سے زیادہ سیٹیں لی ہیں۔ سال 2008ء کے مقابلے میں 2024ء میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ ہر حکومت کی ترجیح امن و امان ہوتی ہے۔ میری سب سے بڑی ذمہ داری امن و امان ہے۔

ای پیپر دی نیشن