لاہور (نوائے وقت رپورٹ) واپڈا نے دیامر بھاشاڈیم پراجیکٹ ایریا میں چٹانوں پر بنے تاریخی نقوش کو محفوظ کرنے کے لیے مشاورتی خدمات کا کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا۔ چار کروڑ 65لاکھ روپے مالیت کا یہ کنٹریکٹ کوالٹی سالیوشنز ٹیکنالوجیز نامی کمپنی کو دیا گیا ہے۔ کنٹریکٹ کے تحت دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ایریا میں براہِ راست متاثر ہونے والی اہم ترین تاریخی چٹانی نقوش کی تھری ڈی سکیننگ کی جائے گی، ان کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور اس ڈیٹا کو بروئے کار لا کر مختلف ایپلیکیشن کے استعمال سے ان کی ماڈلنگ کی جائے گی۔ مقصد کے لئے ایوارڈ کئے گئے مشاورتی خدمات کے کنٹریکٹ کا دورانیہ 8 ماہ ہے۔ جنرل منیجر (دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ) واپڈا نزاکت حسین اور کوالٹی سالیوشنز ٹیکنالوجیز کے ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ سعد احمد خان نے گزشتہ روز تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے۔ ممبر (واٹر) واپڈا جاوید اختر لطیف اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت سکھی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے بھرائی کا کامیاب آ غاز کردیا ہے۔ بدھ کو چائنہ گیزوبا گروپ اوورسیز انویسٹمنٹ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت سکھی کناری ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے ذخائر کی بھرائی کا کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے۔ چائنا گیزوبا گروپ اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی بنیادی سرمایہ کاری سے تعمیر کردہ سکھی کناری ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے ذخائر کامیابی کے ساتھ بھرنا شروع کر دیئے ہیں۔