راولپنڈی (آئی این پی)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)میں ڈالنے کے مقدمے کی سماعت 5مارچ تک ملتوی کردی۔ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی ، شیخ رشید احمد کی جانب سے سردار عبدالرزاق ایڈوکیٹ عدالت پیش ہوئے، ایف آئی اے کی جانب سے جواب ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں جمع کروا دیا گیا۔ایف آئی اے نے عدالت میں کہا کہ ای سی ایل میں نام نیب نے ڈالا ہے، شیخ رشید کا نام نیب نے 190ملین پائونڈ سکینڈل کیس میں ای سی ایل میں شامل کیا، عدالت نے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق چیئرمین نیب سے جواب طلب کر لیا۔جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیے کہ جب شیخ رشید ملزم نہیں تو نام کیوں شامل کیا گیا، کیا آپ 190ملین پائونڈ سکینڈل میں ملزم بھی ہیں، شیخ رشید سے عدالت کا سوال ، جس پر شیخ رشید نے جواب دیا کہ نہیں میں اس کیس میں ملزم نہیں ہوں۔شیخ رشید کے وکیل نے کیس کی سماعت ایک روز کیلیے ملتوی کرنے کی استدعا کر دی، تاہم عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کی استدعا کو مسترد کر دیا۔ عدالت میں سابق وزیرداخلہ نے استدعا کی کہ میرا کیس رمضان سے پہلے رکھ لیں ، میں عمرے کے لیے جانا چاہتا ہوں۔جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیے کہ اس کے لیے اجازت ملے گی یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتے، وکیل شیخ رشید نے کہا کہ 190 ملین پائونڈ کیس کا چالان پیش ہو چکا ہے اور فرد جرم بھی عائد ہو چکی ہے، عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 5مارچ تک ملتوی کر دی ۔
شیخ رشید کی ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق درخواست کی سماعت 5مارچ تک ملتوی
Feb 29, 2024