فیصل آباد (ندیم جاوید) فیصل آباد کے (ن) لیگی ارکان اسمبلی اور ہارے رہنمائوں میں وزیر یا مشیر بننے کی دوڑ شروع ہوگئی۔ شہر سے جیتے ہوئے واحد ایم پی اے کا نام دو بار صوبائی کابینہ میں شامل ہوا اور دونوں مرتبہ ایک بااثر پارٹی رہنما نے ان کا نام نکلوا دیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی اور ہارے ہوئے سینئر رہنمائوں میں وزارت حاصل کرنے کیلئے جنگ چھڑی ہوئی ہے۔ تحصیل فیصل آباد سے (ن) لیگ کے واحد ایم پی اے ظفر اقبال ناگرہ ہیں۔ ان کا نام وزیراعلیٰ مریم نواز کی کابینہ کیلئے منتخب بھی کرلیا گیا تھا۔ مگر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک بااثر صوبائی پارٹی لیڈر نے ان کا نام کابینہ سے کٹوا دیا۔ فیصل آباد کو نمائندگی دینے کیلئے دو مرتبہ ان کا نام لیا گیا لیکن دونوں مرتبہ کٹوا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے پانچوں (ن) لیگی ارکان اسمبلی کو وزارتوں سے دور رکھنے کیلئے ایک اہم (ن) لیگی رہنما سرگرم ہیں۔