کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 16ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہاری بازی جیت لی، کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 166 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری گیند پر حاصل کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب شرفانے ردرفورڈ نے 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم میں اس اعصاب شکن مقابلے میں فاتح بنادیا۔ 

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 89 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی۔ 

اس مجموعے تک 52 رنز بنانے والے جیسن روئے، 24 رنز بنانے والے سعود شکیل، 2 رنز بنانے والے خواجہ نافع، 3 رنز بنانے والے سرفراز احمد اور 6 رنز بنانے والے رائیلی روسوو آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ چکے تھے۔ 

تاہم چھٹی وکٹ پر ردرفورڈ نے اکیل حسین کے ساتھ مل کر 80 رنز کی شراکت بنائی اور کراچی کو ممکنہ جیت سے محروم کردیا۔ اکیل حسین نے 17 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز کی جانب سے زاہد محمود اور حسن علی نے دو دو جبکہ شعیب ملک نے ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 


کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔ 

جیمز ونس 37 اور محمد نواز نے 28 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹم سیفرٹ 21، کیرون پولارڈ 13 اور شعیب ملک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

کپتان شان مسعود اور حسن علی 2، 2 رنز کے مہمان ٹھہرے جبکہ انور علی نے 25 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عاقل حسین اور اسامہ طارق نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں فاسٹ بولر محمد عامر کو آرام دے کر سہیل خان کو فائنل الیون میں شامل کرلیا گیا۔ 


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کپتان رائیلی روسو، جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، سرفراز احمد، شرفین ردرفورڈ، اکیل حسین، محمد وسیم، سہیل خان، عثمان طارق اور ابرار احمد پر مشتمل تھی۔

مسائل کا شکار ہونے والی کراچی کنگز کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں لیوس ڈی پولی، میر حمزہ، تبریز شمسی، محمد عامر خان کی جگہ پر جیمز وینس، انور علی، زاہد محمود اور بلیسنگ موزارابانی کو شامل کیا گیا۔ 

دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شان مسعود، ٹیم سیرفٹ، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان اور حسن علی شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن