اسلام آباد (راجہ عثمان طاہر) پیپلز لائرز فورم نظراندز ہو گیا، پیپلز پارٹی کے وزراءاپنے ہی عزیزوں کی ایڈجسٹمنٹ میں مصروف ہیں۔ سردار لطیف کھوسہ نے اپنے ہی چیمبر کے زبیر خالد کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ارشد قیوم کو اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اپنے بیٹے سردار بلخ شیر کھوسہ کو ممبر فیڈرل کونسل اور اسحاق گجر کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اپنے دوسرے بیٹے خرم لطیف کھوسہ کو پیپلز لائرز فورم پنجاب کا صدر بنوایا ہے اور اپنے قریبی دوست عبداللہ جن کا وکالت سے تعلق ہے ہی نہیں کو پی ایل ایف پاکستان کا سیکرٹری اطلاعات بنا دیا گیا۔ وزیر مملکت مہرین انور راجہ نے اپنے خاوند راجہ ندیم حیدر کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بہنوئی راجہ شفقت عباسی کو لاہور ہائیکورٹ میں جج اور ان کے دوسرے بھائی راجہ علیم عباسی کو ڈپٹی اٹارنی جنرل، اپنے ہی چیمبر کے ملک عزیز کو ممبر فیڈرل سروس ٹربیونل تعینات کیا ہے۔ سابق وزیر مملکت افضل سندھو نے این آر او کی فہرستیں سامنے لانے پر پیپلز لائرز فورم کے ارکان کو یکسر نظرانداز کیا۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنے ہی چیمبر کے جونیئر مسعود چشتی کو چیف لیگل ایڈوائزر سی ڈی اے بھرتی کیا ہے اور تنویر قریشی کو ڈپٹی اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا ہے پیپلز لائرز فورم نے ان حالات میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ قربانیاں دینے والے لائرز فورم کے ارکان کو بھی ایڈجسسٹ کیا جائے۔