مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ کے حوالے کرنے سے حکمران بےنقاب ہوجائیں گے، ہمارا قانون اور عدالتیں موجود ہیں ملزم کو اس کے جرم کی سزا یہاں ملنی چاہئیے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ آقا اور غلام کے رہے ہیں اور مزنگ جیسے واقعات اس سے پہلے بھی ہمارے ہاں ہو چکے ہیں ، لیکن پاکستانیوں کا خون اتنا ارزاں نہیں کہ اس کے ساتھ کھیلنے کی اجازت دے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسوں نے اب پوری قوم کو امریکہ کے ہاتھ یرغمال بنا رکھا ہے اور ایسی صورت میں ہماری خودمختاری اور قومی حمیت پر سوال اٹھایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب عافیہ صدیقی کو امریکی عدالتوں نے ایک ایسے جرم کی سزا دی جس میں وہ ملوث نہیں تھیں جبکہ دوسری جانب توہین رسالت کی مجرم آسیہ مسیح کی رہائی کیلئے دبائو ڈالا جارہا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہ اگر ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ کے حوالے کیا گیا تو حکمران بے نقاب ہو جائیں گے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت کے سلسلے میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے اتوار کے روز بھرپور ریلی نکالی جائے گی۔ لاکھوں کی تعداد میں شمع رسالت کے پروانے اس میں شریک ہوں گے اور وہ وزیراعظم کی جانب سے صرف زبانی کی گئی باتوں پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔

ای پیپر دی نیشن