لاہور (نیوز رپورٹر) چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد سلیم نے کہا ہے کہ پیپکو کی جانب سے لیسکو کو جو بجلی فراہم کی جا رہی ہے اس کو لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت صارفین میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوڈ مینجمنٹ منصوبے کے تحت گھریلو صارفین کو 3گھنٹے اور صنعتی صارفین کی چھ گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری میں اب تک 8کروڑ 70ہزار یونٹوں کی بجلی چوری پکڑی گئی ہے۔ جس سے 91کروڑ 30لاکھ سے زائد کی رقم ریکور ہوئی ہے جبکہ 25 ہزار بجلی کے نئے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں ریکوری کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے جو کہ بڑھتے ہوئے 103فی صد تک ہو گئے ہیں۔