ملکی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے پلان تیار کر لیا، عابد جاوید اکبر

لاہور(کامرس رپورٹر) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو عابد جاوید اکبر نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے پلان وضع کرلیا گیا ہے جس کے دور رس نتائج ہونگے، پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی کی ضروریات پورا کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہیں ۔ انہوں نے یہ باتیں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں ابوذر شاد، سابق صدر میاں مظفر علی، سابق سینئر نائب صدر طاہر جاوید ملک ،سابق نائب صدور آفتاب احمد وہرہ اور سعیدہ نذر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عابد جاوید اکبر نے کہا کہ آئندہ چند سالوں میں پاکستانی برآمدات پچاس ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں کیونکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان بیرون ملک پاکستان کے پینتالیس سفارتخانوں سے ملنے والی اطلاعات کی روشنی میں برآمدات کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھارہا ہے۔ انہوں نے ڈی ایٹ ممالک کے ساتھ باہمی تجارت کے آغاز کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ ڈی ایٹ سمٹ کے موقع پر ایران اور نائجیریا کے ساتھ اس معاملے پر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لاہور ایکسپو سنٹر میں سنگل کنٹری نمائش اور چیمبر کے تجارتی وفود کی سرپرستی کے متعلق لاہور چیمبر کی تجاویز پر کام کرنے کو تیا رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ اور ان کے حل کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن