مال روڈ کے تاجروں کی گورنر پنجاب سے ملاقات، مسائل سے آگاہ کیا

Jan 29, 2013

لاہور(کامرس رپورٹر) مال روڈ کے تاجروں کے نمائندہ وفد نے مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر کی قیادت میں گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے گورنر ہاو¿س میں ملاقات کی۔وفد کے دیگر اراکین میں فاروق آزاد، عبدالودود علوی، حافظ عاصم، میاں عفان، خواجہ خالداور طاہر افضل شامل تھے۔ تاجروں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور گورنر پنجاب کا چھوٹے تاجروں کے لئے علیحدہ چیمبرز کی منظوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے تاجروں کی آواز کو اب ایک مناسب فورم مل گیا ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے مطالبہ کیا کہ سمال ٹریڈرز چیمبرز کے دفاتر کے لئے موجودہ چیمبرز کی بلڈنگوں میں جگہ مہیا کی جائے کیونکہ چھوٹے تاجروں کے پاس مناسب فنڈز نہیں ہیں کہ و ہ اپنے دفاتر اور دیگر انفراسٹرکچر کو قائم کر سکیں۔ نعیم میر نے چھوٹے تاجروں کے لئے علیحدہ فیڈریشن آف سمال ٹریڈرز بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے تاجروں کے دیگر مطالبات پر ہمدردانہ غور کر نے کا وعدہ کیا۔ تاجروں کی طرف سے امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر توجہ دلائی گئی توگورنر پنجاب نے امن وامان کے حوالے سے ایک کانفرنس منعقد کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ مجوزہ صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے تاجروں کے تحفظات کے بارے میں گورنر پنجاب نے اگلے ہفتے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کا وعدہ کیا۔

مزیدخبریں