مظفر آباد (کے پی آئی + اے ایف پی) لائن آف کنٹرول کے آر پار تجارت اور بس سروس بیس دنوں کی معطلی کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔ لائن آف کنٹرول کے آر پار سفر اور تجارت کے لیے قائم ادارے کے سربراہ بریگیڈئر ریٹائرڈ محمد اسماعیل کے مطابق ایل او سی پر کشیدگی کم ہونے کے بعد سفری اور تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اےک انٹروےو مےں انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم ہوئی ہے۔ کچھ دنوں سے فائرنگ بھی نہیں ہوئی اس وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا کہ (راولاکوٹ، پونچھ کے درمیان) سفری سہولت اور تجارت بحال کریں۔ بریگیڈئر ریٹائرڈ محمد اسماعیل کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے لوگوں کے مال و جان کو خطرہ تھا جس کی وجہ سے راولاکوٹ اور پونچھ کے درمیان بس سروس اور تجارت معطل کرنا پڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی طرف سے انہیں بس سروس اور تجارت بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بریگیڈیئر (ر) محمد اسماعیل نے بتایا کہ تجارتی سرگرمیاں آج منگل سے شروع ہوں گی۔ مقبوضہ کشمیر میں حکام نے بتایا کہ بس سروس کی بحالی کے بعد 64 مسافر آزاد کشمیر سے کنٹرول لائن پار کر کے مقبوضہ کشمیر پہنچے جبکہ مقبوضہ علاقے سے 84 شہری کنٹرول لائن کے دوسری جانب گئے۔