میلبورن (اے پی پی) سری لنکا نے دوسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے ہرا کر سیریز کلین سویپ کر لی، میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا، آسٹریلوی ٹیم 122 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی۔ شان مارش 47 اور جارج بیلی 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مہیلا جائے وردنے نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تھسرا پریرا کو آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کے کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا نے مہیلا جائے وردنے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے، مہیلا جائے وردنے نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تھسرا پریرا نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 15 گیندوں پر ناقابل شکست 35 رنز بنائے، تلکرتنے دلشان 6 ، کوشل جانتھ پریرا 15 ، دنیش چندی مال 5 اور جیون مینڈس 25 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل، جیمز فاکنر، بین لافلین اور زیویر دوہرٹی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا نے 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی اور میچ کو روک دیا گیا۔ میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 اوورز کم کر دیئے گئے اس طرح آسٹریلیا کو آخری 5 اوورز میں جیت کے لئے 62 رنز کا ہدف ملا، کپتان جارج بیلی اور شان مارش نے مشکل ہدف حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کی مگر ناکام رہے، جارج بیلی 45 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے، آسٹریلیا کو آخری گیند پر جیت کے لئے 5 رنز درکار تھے مگر گیلن میسکویل چھکا لگانے میں ناکام رہے، شان مارش نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ وانر اور ایرن فنچ نے بالترتیب 7 ، 7 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان کلا سیکرا، اجنتھا مینڈس اور تھسرا پریرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ تھسرا پریرا کو آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
دوسرا ٹی ٹونٹی‘ سری لنکا نے آسٹریلیا کو تین رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی
Jan 29, 2013