لاہور (آئی این پی) تحر ےک تحفظ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن اور عوام دشمن پالیسیوں نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں‘ پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادی آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا بہت بڑا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز ڈاکٹر دانش بلوچ اور تحریک تحفظ پاکستان کے دیگر رہنماﺅں سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پاکستان میں حالات انتہائی تیزی کے ساتھ تباہی کی جانب جا رہے ہیں لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے اور ان کی ساری توجہ اپنا اقتدار بچانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادیوں نے جمہوریت اور مفاہمت کے نام پر ملک میں لوٹ مار کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں بھی جیت جائیں اور اس کیلئے دھاندلی کے منصوبے بھی بنائے جا رہے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پاکستانی قوم کے پاس آخری موقع ہے کہ وہ کرپٹ اور لٹیروں کو مسترد کر کے صرف ایماندار لوگوں کو کامیاب کریں۔