لاہور (کلچرل رپورٹر) تھیٹر عوام کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ انہیں ایجوکیٹ اور باشعور کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔ آزاد تھیٹر کا اعزاز ہے کہ اس نے ہمیشہ حساس موضوعات پر ڈرامے پیش کئے۔ اس کا ڈرامہ ”بچہ جمہورا“ بھی ایک ایسا ڈرامہ ہے جس میں ہنسی مزاح کے ساتھ ساتھ عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا اور انہیں پیغام دیا گیا ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں اپنی قیادت کا انتخاب انتہائی سوچ سمجھ کر کریں۔ ڈرامہ ”بچہ جمہورا“ شہر شہر عوام کو فری دکھایا جا رہا ہے۔ اب تک یہ ڈرامہ لاہور سمیت سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ایبٹ آباد اور پشاور میں سٹیج کیا جا چکا ہے۔ جبکہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں جلد پیش کیا جائیگا۔ ڈرامہ کے ڈائریکٹر سرفراز انصاری اور رائٹر ملک اسلم ہیں۔ فنکاروں میں عالیہ عباسی، سرفراز انصاری، خولہ قریشی، وسیم حیدر، آصف حسین، ندیم عباس، وسیم لوکا اور یعقوب بھٹی شامل ہیں۔ ڈرامہ ”بچہ جمہورا“ کا میوزک عدنان جان نے دیا ہے۔