بماکو (بی بی سی) فرانس کی فوج کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ مالی میں فرانس کی قیادت والی فوج نے کلیدی شہر ٹمبکٹو کے ہوائی اڈے پر قبضہ کر لیا ہے۔ ادھر مالی کی فوج کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بھی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ فوج کو شہر کی طرف پیش قدمی کرنے میں کسی بھی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ مالی میں اسلامی شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں سرکاری فوج فرانسیسی فوج کے ساتھ پیش قدمی کرتے ہوئے ٹمبکٹو کی جانب بڑھ رہی تھی۔ مالی فوج کے افسر کے مطابق ’ہم نے ٹمبکٹو کے ہوائی اڈے پر قبضہ کر لیا ہے۔ ہمیں اس میں کسی بھی طرح کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘۔ پیرس میں فوج کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹمبکٹو کی طرف جانے والے راستوں اور گاو¿ اور ٹمبکٹو کے درمیانی علاقوں پر مالی اور فرانس کے فوجیوں کا کنٹرول ہے۔ شمالی مالی میں ٹمبکٹو شدت پسندوں کے قبضے میں ایک بڑا شہر تھا۔ اس سے پہلے سنیچر کو مالی اور فرانس کی فوج نے ایک اہم شہر گاو¿ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ ٹمبکٹو پر ایک ایسے وقت کنٹرول حاصل کیا گیا ہے جب افریقی اتحاد کی تنظیم ایفریقن یونین ایک اجلاس میں مالی میں جاری تنازعے کے بارے میں غور کر رہی ہے۔ اس میں مالی میں فرانسیسی افواج کی مدد کے لیے افریقی اتحاد کی افواج کی تعیناتی کے معاملے پر بھی بات کی جا رہی ہے۔ ایک بار جب ٹمبکٹو محفوظ ہوجائیگا تو فرانس کی قیادت والی یہ فوج الجزائر کی سرحد سے متصل باغیوں کے آخری مضبوط ترین گڑھ کدال پر توجہ مرکوز کرے گی۔