لاہور (نیوزرپورٹر) خشک سرد تاثیر کا حامل سیب ہر دلعزیز اور لذیز پھل ہے۔ اسکی خوبیوں کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند سا ل قبل امریکہ میں ماہرین غذائیت کے اجلاس میں متفقہ طور پر سیب کو تمام پھلوں کا سردار قرار دیا گیا تھا۔ سیب کو چھلکا اُتار کر کھاناایک فاش غلطی ہے۔ تازہ ترین تحقیقات اس بات کو پایہ ثبوت تک پہنچا دیا ہے کہ اس پھل کے چھلکے کی موٹائی میں وٹامنز کی بڑی مقدار چھپی ہوئی ہے جو کہ چھلکا اُتارنے سے عموماََ ضائع ہو جاتی ہے سیب کھانے سے جسم میں پھرتی اور چستی آ جاتی ہے کیونکہ یہ معدے میں جا کر قوت ہضم کو تقویت دیتا ہے۔معدے اور جگر کے فعل کو تیز کرتا ہے جس سے خون کی پیدائش کا عمل بڑھ جاتا ہے۔ سیب میں فاسفورس کی مقدار سب سے زیادہ ہے اور یہ مقوی دماغ بلکہ دماغ کا کام کرنیوالوں کیلئے نعمت خُداوندی بھی ہے۔ اس میں فولاد کے اجزاءبھی شامل ہیں۔ اس لیئے اس کا استعمال خون کے سرخ ذرات میں اضافہ کرتا ہے اور چہرے کو سرخ اور شاداب بنا دیتا ہے۔ اسکے علاوہ جسم کو مضبوطی اور توانائی کے خزانے بھی میسر آتے ہیں۔