لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکمران جماعت اور حکمران اتحاد طالبان سے مذاکرات اور طالبان کے خلاف آپریشن پر تقسیم ہے ، حکومتی حکمت عملی نے عملاً پوری قوم کو تقسیم کر دیاہے، بارہ سال سے امریکی حکم اور ڈکٹیشن پر ڈومور ، ِکل مور کا کام کیا جارہاہے ،پچاس ہزار فوجی اور سویلین شہید ہو گئے ہیں ، 100 ارب ڈالر سے زیادہ مالی نقصان ہوگیا، پوری دنیا میں پاکستان بدنامی کا شکار ہوا اور اٹھارہ کروڑ عوام ذہنی اور فکری طور پر منتشر کر دیے گئے ہیں ۔ وزیراعظم تذبذب چھوڑیں ۔ ایمانی جرأت اور قومی حکمت عمل کا راستہ اختیار کریں۔ امریکی دبائو اور منصوبہ بندی کے تحت دہشتگردی کے واقعات کی بنیاد پر قومی اتفاق رائے سبوتاژ نہ کیا جائے ۔ حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ۔ حکومت دہشتگردی کے خلاف نام نہاد امریکی جنگ کا حصہ رہنے سے انکار کر دے۔