اسلام آباد (آئی این پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے سکیورٹی اداروں سے تعاون بڑھانا چاہتا ہے، آج پاکستان اس صورتحال سے دوچار ہے جس صورتحال سے جنگ عظیم دوم کے بعد جرمنی دوچار تھا، جرمن وزارت خارجہ کے کمشنر برائے کرائسز کلوربرجئولڈ نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ گذشتہ روز جرمنی کے ایک وفد اور سفیر نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ جرمنی کے سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے معاشی تعلقات دو طرفہ تعلقات جیسے نہیں ہیں۔ دونوں ممالک کو انہیں مضبوط کرنے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ اس موقع پر جرمن وزارت خارجہ کے کمشنر برائے کرائسز نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو لازوال قرار دیا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کوشش کو سراہا۔