کراچی (آئی این پی) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق چنہ پر مشتمل سنگل بنچ نے اسلام آباد میں گرکر تباہ ہونے والے ایئربلیو کے جہاز کے مسافروں کے ورثاء کو معاوضے کی رقم ادا نہ کرنے پر ائربلیو کے چیف ایگزیکٹو وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین ائرلائن طارق چودھری و دیگر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔ مذکورہ درخواست فضائی حادثے میں جاں بحق ہونے والی انور بیگم اور زاہد رانو کے ورثاء کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت عالیہ سندھ کے حکم پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متاثرین کو اپنی جانب سے پانچ، پانچ لاکھ روپے کی رقم ادا کردی ہے تاہم فاضل عدالت کے حکم کو نظرانداز کرتے ہوئے متاثرین کو پچاس، پچاس لاکھ روپے کی رقم ادا نہیں کی ہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل حافظ ادریس نے موقف اختیار کیا کہ معاوضے کی رقم نہ ملنے سے مرحومین کے ورثاء مالی مشکلات سے دوچار ہیں جس پر فاضل بینچ نے منگل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔