اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے خصوصی عدالت میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ اے ایف آئی سی میڈیکل بورڈ کے سربراہ میجر جنرل سید محمد عمران مجیدکو عدالت طلب کرکے مجھے ان پر جرح کرنے کا موقع دیا جائے۔ منگل کو دائر درخواست میں اکرم شیخ نے کہا ہے کہ عدالت نے پراسیکیوشن کو کوئی نوٹس دیئے بغیر پرویز مشرف کی بیماری کا پتہ چلانے کے لیئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے جس نے بوجوہ عدالت کی جانب سے اٹھائے گئے تین سوالات کا جواب نہیں دیا۔ یہ رپورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ مختلف ممالک میں عارضہ قلب کے حوالے سے متضاد نوعیت کی ہے۔ اکرم شیخ کے مطابق انجیوگرافی صحیح تشخیص کے لئے ایک تحقیقاتی ٹول ہوتا ہے دیکھنا یہ ہے کہ رپورٹ کے پیش نظر انجیوگرافی کے حوالے سے ممکنات کو کس قدر اہمیت دی جا سکتی ہے۔ عدالت کے علم میں یہ لانا ضروری ہے کہ اس میڈیکل رپورٹ کی تیاری میں پیشہ وارانہ رائے کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔ میں نے رپورٹ پر اپنے اعتراضات بھی خصوصی عدالت میں جمع کروا دئیے ہیں لہٰذا میڈیکل بورڈ کے سربراہ کو عدالت طلب کیا جائے تاکہ میں ان پر جرح کرسکوں۔