لاہور (اپنے نامہ نگار سے) بیٹے نے جائیداد نام نہ کرنے کی پاداش بوڑھے ماں باپ کیخلاف دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرا دیا۔ دوسری طرف پولیس نے بوڑھے والدین کو اپنی تفتیش میں بے گناہ قرار دیدیا۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے بے گناہی کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے پر دونوں کیخلاف درج مقدمہ خارج کرتے ہوئے انہیں بری کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج ملک اعظم کی عدالت میں معمر والدین محمد علی اور صفیہ بی بی کو انکے وکیل زیڈ اے زاہد ایڈووکیٹ نے پیش کیا جنہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کے بیٹے فیصل نے مکان نام نہ کرنے پر انکے خلاف دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے جبکہ دوران تفتیش پولیس بھی انہیں بے گناہ قرار دے چکی ہے۔ عدالت میں بوڑھے والدین نے مزید کہا کہ انہوں نے پہلے ہی 44 لاکھ روپے مالیت کا مکان اسے رکھا ہے اسکے باوجود اس نے جھوٹا مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے بے گناہی کی رپورٹ پر مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے والدین آزاد کرنے کا حکم دیدیا۔
بوڑھے والدین/ مقدمہ