لاہور (سیف اللہ سپرا) دہشت گردی کے خطرات نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ملک بھر میں سکیورٹی کے انتظامات ناکافی ہیں خصوصاً سینما گھروں کی سکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے۔ لاہور میں 20 کے قریب سینما گھر ہیں۔ چند سینما گھروں کے سوا باقی سینما گھروں پر سکیورٹی کے کوئی انتظامات نہیں ہیں۔ بیشتر سینما گھروں کی دیواریں چھوٹی ہیں۔ مین گیٹ پر مسلح گارڈز تک نہیں۔ واک تھرو گیٹ بھی نہیں لگائے گئے، میٹل ڈی ٹیکٹر بھی نہیں، سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں کئے گئے، فائر سسٹم نہیں، چیکنگ کا نظام بھی موجود نہیں۔ سینما گھروں میں سکیورٹی کے ناکافی انتظامات کے پیش نظر فلم بینوں کی تعداد کم ہو گئی ہے۔ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات اور سینما گھروں کی سکیورٹی کے حوالے سے سینما مالکان ایسوسی ایشن کے چیئرمین ضوریز لاشاری نے کہا کہ ملک بھر کے سینما گھروں پر سکیورٹی کے انتظامات ناکافی ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ سینما گھروں کے سٹاف کو ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تربیت دے۔ جمعہ، ہفتہ، اتوار تین دن رش ہوتا ہے، ان تین دنوں میں شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک سینما گھروں کے باہر پولیس کی نفری تعینات کی جائے، واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں، فائر سسٹم کا بندوبست کیا جائے۔