ہمارا دفاعی بجٹ کم ہو گیا‘ بھارت پلوٹونیم ہتھیاروں کی طرف جا رہا ہے‘ حکومت دنیا پر دبائو ڈالے: سیکرٹری دفاعی پیداوار

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین خواجہ سہیل منصور کی زیر صدارت گزشتہ روز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری دفاعی پیداوار تنویر طاہر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت امریکہ معاہدہ سے بھارت نیوکلیئر سپلائر گروپ میں آ جائے گا۔ بھارت کے نیوکلیئر سپلائر گروپ میں آ جانے سے اسے ایٹمی خام مال کے حصول میں آسانی ہو جائے گی۔  بھارت پلوٹونیم ہتھیاروں کی طرف جا رہا ہے۔ حکومت اور ارکان پارلیمنٹ بین الاقوامی برادری پر دبائو ڈالیں۔ سیکرٹری دفاعی پیداوار نے آئیڈیاز 2014 کے بارے میں بریفنگ میں کہا کہ آئیڈیاز 2014 پرویزمشرف کا آئیڈیا تھا۔ دفاعی سازوسامان کی فروخت کے لئے ہمیں کریڈٹ فنانسنگ کی ضرورت ہے۔ خواجہ سہیل منصور نے مزید کہا کہ بکتر بند گاڑیوں کے  معاملے پر وزیراعلی سندھ کا سکینڈل سامنے آیا ہے۔ اسی معاملے پر آئی جی سندھ کے علاوہ ہوم سیکرٹری سندھ کو طلب کر لیا ہے۔  سیکرٹری دفاعی پیداوار نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان نے سوڈان کے ساتھ دفاعی لین دین  روک دی ہے۔ سوڈان نے پاکستان کے دفاعی سازوسامان کے 2019 ملین ڈالرز دینا ہے۔ سوڈان نے مزید سازوسامان لینے کی خواہش ظاہر کی لیکن ہم نے کام بند کر دیا۔  

ای پیپر دی نیشن