اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کر نے والی عدالت کے سربراہ جج جسٹس فیصل عر ب کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقبول باقر کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کی ہے، اس کے علاوہ جسٹس (ر) ریاض احمد خان کو وفاقی شر عی عدالت کا چیف جسٹس بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینیئر ججز اور دیگر ممبران نے شرکت کی، ذرائع کے مطابق جسٹس فیصل عرب کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کر نے سے خصوصی عدالت کی سماعت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ بطور چیف جسٹس ہی عدالت کے سر براہ کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے، جوڈیشل کمیشن کی سفارش کے بعد ان تمام سفارشات کو منظوری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے جو کہ ان ناموں پر غور کرے گی جس کے بعد ان نامزدگیوں کی تعیناتیوں کے لیے صدر کو معاملہ بھجوا دیا جائے گا۔
جسٹس فیصل عرب کو سندھ ہائیکورٹ‘ جسٹس (ر) ریاض کو شرعی عدالت کا چیف جسٹس بنانے کی سفارش
Jan 29, 2015