حزب اللہ کا میزائل حملہ‘ 2 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق: 15 مارے گئے: میڈیا رپورٹس

Jan 29, 2015

بیروت، مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی+ رائٹرز+ بی بی سی+ صباح نیوز) حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی قافلے پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں 15 فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم اسرائیلی فوج کی طرف سے صرف 2 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ رائٹرز کے مطابق حملے میں اقوام متحدہ امن مشن میں شامل ایک ہسپانوی اہلکار بھی مارا گیا جس کی اقوام متحدہ اور سپین کے حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ آن لائن کے مطابق اسرائیل نے لبنانی سرحد کے قریب شہروں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ 2 ائر پورٹس پر آپریشن بھی معطل کر دیا۔ لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی سرحدی علاقے شیبا فارمز میں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ حزب اللہ نے اپنے ٹی وی چینل المنار پر ویڈیو پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں اسرائیلی فوجی قافلے میں شامل 9 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ صبح 11  بجکر 25 منٹ پر حزب اللہ کے شیروں نے متعدد گاڑیوں پر مشتمل صہیونی افسران اور فوجیوں کے قافلے کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر نے کہا کہ حملے میں نقصان ہوا ہے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ ہم اس حملے کا طاقت سے جواب دیں گے۔ لبنان کی نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ آپریشن میں اسرائیلی فوجی کو پکڑ لیا گیا ہے تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ حملے میں اس کے کسی بھی فوجی کو نہیں پکڑا گیا۔ شام کے زیر قبضہ گولان ہائٹس کے علاقے میں 18 جنوری کو اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے چھ جنگجو اور ایرانی انقلابی گارڈز کا رکن ہلاک ہو گیا تھا۔ حملے کے بعد اسرائیل نے سرحد کے قریب ٹینکوں کو تعینات کردیا جب کہ صیہونی فوج کی جوابی کارروائی کے بعد لبنانی سرحد کے قریب دھواں فضا میں بلند ہوتا دیکھا گیا۔ یہ اسرائیلی فوج پر حزب اللہ کی طرف سے ہونے والے حملے میں سب سے بڑا نقصان کہا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی قافلے کو نشانہ بنایا۔ حملہ ٹینک شکن میزائل سے کیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے فضائی اور زمینی کارروائی سے جوابی وار بھی کیا ہے اسرائیل کی طرف سے اقوام متحدہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے دفاع میں حزب اللہ کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔ اقوامِ متحدہ نے اس ساری صورت حال میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے ’زیادہ سے زیادہ تحمل‘ پر زور دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ فوجیوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی یا نہیں۔ آئی ڈی ایف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹینک شکن میزائل شمالی لبنان میں ایک فوجی گاڑی پر داغا گیا۔ وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے ٹویٹ کی کہ ’اس وقت آئی ڈی ایف نے شمال میں ہونے والے واقعات کا جواب دیا ہے۔ ہم دہشت گردوں کو اپنے شہریوں کی زندگیوں اور اْن کی سلامتی سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ ہم ان کا بھرپور قوت سے جواب دیں گے جو ہمیں چیلنج کریں گے۔‘ متولہ کے رہائشیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس علاقے میں تلاشی کی کارروائی کے دوران گھروں پر رہیں۔ اے پی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے داغے گئے 35 گولے جنوبی لبنان میں سرحد کے قریب زرعی زمینوں پر گرے۔ ایک علیحدہ واقعے میں بدھ کے روز ایک مارٹر بم اسرائیلی فوجی چوکی کو نشانہ بناتے ہوئے داغا گیا۔

مزیدخبریں