اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ ججوں کو دھمکیاں دے کر فیصلے نہیں لئے جا سکتے۔ عمران خان نے میرا پیچھا نہیں چھوڑا۔ تحریک انصاف والے چور دروازے سے جیت کر آنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کو چور دروازے سے جیتنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کے مالکان کو معاوضہ دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے خواجہ سعد اور خواجہ آصف کے حق میں آئیں گے۔ آرمی چیف کو مجبور نہیں کیا جانا چاہیے کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر کوئی اور بیان دیں، اس معاملے کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے، پی ٹی آئی میرے پیچھے کیا پڑے گی میں نے اکیلے نے انہیں اپنے پیچھے لگا لیا ہے ، پی ٹی آئی دھمکیاں دے کر ججوں سے اپنی مرضی کے فیصلے لینا چاہتی ہے، میں تو قربانی کا بکرا بنا ہوں لیکن خواجہ آصف اور سعد رفیق کیوں بنیں؟ ان کو اپیل کا حق حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما محسن لطیف کی رہائشگاہ پر ان کے والد کی وفات کی اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سکیورٹی کے حالات بہت نازک ہیں، تاہم حکومت ہر شخص کو سکیورٹی فراہم نہیںکرسکتی۔ سکولوں کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم سکول بند ہونے سے زیادہ بہتر ہے کہ ہمارے بچوں کی زندگیاں محفوظ رہیں، سکولوں کی حفاظت کے حوالے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کیا گیا ہے اس پر بیشتر سکولوں نے عملدرآمد کرنا بھی شروع کردیا ہے۔