طالبان نے ٹاور اڑا دیا آدھے کابل کو بجلی کی فراہمی منقطع

Jan 29, 2016

کابل(این این آئی)افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے بجلی کی فراہمی کی انتہائی اہم تنصیبات میں سے ایک پر کیے گئے بڑے حملے کے بعد ملکی دارالحکومت کابل کے کم از کم نصف حصے کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ،افغان میڈیا کے مطابق ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار نے جمعرات کوبتایا کہ اس واقعے میں طالبان عسکریت پسندوں نے الیکٹرک سپلائی کے ایک بہت بڑے ٹاور کو ایک طاقتور بم کے دھماکے سے اڑا دیا،افغانستان میں بجلی کی فراہمی کے قومی ادارے ’بریشنا‘ کے سربراہ میر واعظ علیمی نے بتایاکہ طالبان نے بغلان اور قندوز کو ملانے والی شاہراہ کے نزدیک ’دندِ شہاب الدین‘ نامی علاقے میں ایک ایسے مرکزی الیکٹرک سپلائی ٹاور کو بم دھماکے سے اڑا دیا، جہاں سے کابل کو بجلی کی ترسیل کی جاتی تھی۔ اس بم حملے کے نتیجے میں ملکی دارالحکومت کو بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے والی ’ازبکستان کابل پاور لائن‘ منقطع ہو گئی،بریشناکے چیئرمین علیمی نے کہا کہ جب تک یہ پاور سپلائی لائن بحال نہیں ہوتی، کابل شہر کے کم از کم 40 سے لے کر 50 فیصد تک حصے کو بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔میر واعظ علیمی کے مطابق بغلان میں ان کے ادارے کے ماہرین کی ٹیم متاثرہ پاور لائن کی مرمت اور بحالی کی کوششوں کے لیے اپنی طرف سے بالکل تیار ہے تا کہ ہو سکے تو یہ نظام ایک دن کے اندر اندر بحال کیا جا سکے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کام تب تک نہیں کیا جا سکتا، جب تک کہ افغان سکیورٹی فورسز متعلقہ علاقے کے طالبان شدت پسندوں سے پاک ہونے کی باقاعدہ ضمانت نہیں دیتیں۔

مزیدخبریں