رشوت دیکر ترقی لینے اور غیر معمولی اثاثے رکھنے پر بھارت میں پہلی مرتبہ 2میجر جنرلز کے خلاف تحقیقات

نئی دہلی (این این آئی) بھارتی تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی نے دو حاضر سروس میجر جنرلز کے خلاف ترقی کے لئے رشوت دینے اورغیرمعمولی اثاثے رکھنے پر تحقیقات کا حکم دید یا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی فوج میںاعلی سطح پر رشوت دینے اور لینے کا انکشاف ہوا ہے جس پر سی بی آئی نے تاریخ میں پہلی بار بھارتی فوج کے حاضر سروس میجر جنرلز کے خلاف اس طرح کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ میجر جنرل اشوک کمار اور میجر جنرل ایس ایس لامبا پر اپنی ترقی کے لیے رشوت دینے اورظاہری آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزامات ہیں، بھارتی ٹی وی نے بتایاکہ وزیردفاع منوہر پاریکر نے سی بی آئی کو دونوں فوجی افسروں کے خلاف الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ اس حوالے سے اپنی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دونوں فوجی افسروں کو ترقی دینے کی منظوری سابق ملٹری سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل آر بھلا کے دور میں دی گئی جو اب ریٹائر ہوچکے ہیں، وزارت دفاع کے حکام کے مطابق ضرورت پڑنے پر ریٹائر فوجی افسر سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ سی بی آئی دونوں فوجی افسروں کی منقولہ اورغیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی جمع کررہی ہے۔
دو بھارتی میجر جنرلز

ای پیپر دی نیشن