اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں نورا کشتی کا ایک نیا سلسلہ جاری ہے، دونوں جماعتیں ہمیشہ سے ایک دوسرے کے جرائم پر پردہ ڈالتی آئی ہیں۔ چودھری نثار ہمت کا مظاہرہ کریں اور حقائق قوم کے سامنے رکھیںاور دونوں جماعتوں کے مابین "مک مکا" کی تفصیلات بتا کر قومی خدمت بجا لائیں۔ وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف ایک عرصے سے دونوں جماعتوں کے مابین مک مکا کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ قوم کو حقائق بتانے کے لئے کسی خاص وقت کے تقرر کی ضرورت نہیں، وزیر داخلہ مصلحت کا شکار ہوئے بغیر حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے تو خیر مقدم کریں گے۔ نعیم الحق نے کہا کہ وقت آن پہنچا ہے کہ ذاتی مفادات پس پشت ڈال کر ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اپوزیشن اور حکومت مک مکاﺅ اور مراعات لینے کا بیان دیکر پی ٹی آئی کے دیرینہ موقف کی تائید کردی ہے۔ نورا کشتی دکھاوے کا کھیل ہے بہت جلد دونوں جماعتوں میں پھر صلح ہونے کا امکان ہے کیونکہ ماضی میں ایسا ہوتا چلا آرہا ہے۔
تحریک انصاف