سری نگر ( اے این این +کے پی آئی+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم نہ رک سکے ٗ احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ اور لاٹھی چارج ٗ ایک درجن سے زائد کشمیری زخمی ٗ 100 سے زائد شہریوں کو گرفتارکرلیا گیا ٗ وادی کے مختلف علاقوں میں خواتین کی احتجاجی ریلیاں ٗ بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی ۔ جموں و کشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سات روز بعد رہا کردیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنڈت ہماری قومی زندگی کا اٹوٹ حصہ ہیں لیکن انہیں اسرائیلی طرز کی بستیوں میں محدود کردینے کے عمل کو کوئی بھی کشمیری تسلیم نہیں کرسکتا۔ہری سنگھ کے جنم دن کو چھٹی کا دن قرار دینا اور ساتھ ہی 13جولائی کو یوم شہدا منانا منافقانہ سیاست کی انتہا ہے۔حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے چیئرمین سید علی گیلانی کی گھر میں بدستور غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کی پوری تاریخ دل دہلانے والے خونین قتل عام کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔ سوپور، ہندوارہ، کپواڑہ، گائوکدل ہو یا دیگر واقعات ہوں ہر جگہ افواج نے انسانیت سوز گناہ انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ قتل عام بھارت کے مظالم اور انصاف کی عدم دستیابی کی کھلی گواہی ہے۔ فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمدشاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر برصغیر میں کسی دیر پا امن کی تلاش بے سود ہے۔ غیر معیاری ادویات کی سپلائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ غیرمعیاری ادویات مریضوں کی اموات کا سبب بن رہی ہیں۔