پشاور(صباح نیوز+نوائے وقت نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سیاست میں میرامقابلہ نوازشریف سے ہے۔انہوں نے کہا شہبازشریف اور پرویز خٹک کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ہفتہ کو پشاور میں حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ سپورٹس آپ کو مقابلہ کرنا سکھاتا ہے جبکہ علم حاصل کرنے سے ذہن کی ٹریننگ ہوتی ہے۔ عمران خان کاکہناتھاہمارے اڑھائی کروڑ بچے آج سکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہاپاکستان میں تعلیم پر توجہ نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہاپاکستان کی آبادی 20 کروڑ جبکہ نیوزی لینڈ کی 50لاکھ ہے لیکن وہاں پاکستان سے زیادہ کھیل کے میدان ہیں۔عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویزخٹک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاپرویزخٹک نمبر ون وزیراعلیٰ ہیںان کا اور شہبازشریف کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ان کا کہناتھاپرویزخٹک نے سمجھ لیا پل اور سٹرکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی۔پرویز خٹک اداروں کو مضبوط کر رہے ہیں اس لئے وہ ملک کے بہترین وزیراعلیٰ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پی کے میں ضلع اور تحصیل کے بعد یونین کونسل کی سطح پر بھی کھیلوں کے میدان بنائے جائیں گے اور فاٹا کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کھیل اور ورزش انسان کو بوڑھا ہونے سے روکتی ہے۔ آفریدی کی مثال لیجئے۔ جو انسان اپنا وقت صحیح استعمال کرے وہی کامیاب ہوتا ہے اور زندگی مقابلے کا نام ہے۔ سپورٹس مین مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تعلیم اور صحت کا سب سے بہترین نظام خیبر پی کے میں ہے۔
سیاست میں میرا مقابلہ نوازشریف سے ہے، پرویز خٹک نمبر ون وزیراعلیٰ ہیں: عمران خان
Jan 29, 2017