اسلام آباد (صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جذبہ آزاد ی سرشار اور موت سے بے خوف کشمیری قوم کو ہندوستان طاقت کی بنیاد پر غلام نہیں رکھ سکتا، جماعت اسلامی نے حکومت ، اسمبلی ملکی اور عالمی سطح پر تحریک آزادی کشمیرکی تقویت کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے،آزاد خطے میں نظام کی اصلاح اور کشمیرکی آزادی کی تحریک کو آزادی کی منزل سے ہمکنار کرنے لئے تن من دھن لگایا ہے اور لگائیںگے ۔گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق ملنے چاہئے مگر کوئی ایسا فیصلہ نہ کیا جائے جس سے تحریک آزادی کشمیراور پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچے۔ 31جنوری کو سینیٹر سراج الحق کی میزبانی میں آل پارٹیزیکجہتی کشمیر کانفرنس اور 5فروری کو مظفرآٓباد میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے مقبوضہ کشمیر میں حوصلے کا پیغام جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشیدترابی نے کہا کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں کشمیرپر بحث پیش رفت ہے۔ اس حوالے سے میں تحریک کشمیر برطانیہ اور دیگر قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی کاوشو ں سے مسئلہ کشمیر برطانیہ کی پارلیمنٹ میں زیر بحث آیا،کشمیرکے ون پوائنٹ ایجنڈے پر پوری قوم اور تمام جماعتوںکو ایک ہونا چاہئے۔
عبدالرشید ترابی