اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کرنے کی تجویز دیدی، انتخابی اصلاحات رپورٹ میں تجویز کے مطابق کمیشن گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت 60روز کے اندر منسوخ کرنے کا مجاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کی آئینی اور قانونی ذمہ داری کو غیر سنجیدگی سے لینے کا سخت نوٹس لیا ہے اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کو تجویز دی ہے کہ اس بارے پہلے سے موجود قانون کو مزید سخت بنایا جائے تاکہ نرم قانون کا فائدہ اٹھا کر ارکان پارلیمنٹ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد بھی مہینوں گوشوارے جمع نہ کرا کر الیکشن کمیشن کو مذاق نہ بنا سکیں ۔ مجوزہ ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن ارکان پارلیمنٹ کو 30 ستمبر کی بجائے 30 دسمبر تک گوشوارے جمع کرانے کی مہلت دے گا ۔ یکم جنوری تک گوشوارے جمع کرانے والے ارکان کے نام شائع کر دیئے جائیں گے اور 16 جنوری کو کمیشن گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کر سکے گا۔ ارکان کو اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کا اختیار ہو گا ۔
گوشوارے/تجویز